لارڈز کے تاریخی میدان پر جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو 5 وکٹ سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ جنوبی افریقا آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فاتح بن کر عالمی چیمپئن بنا ہے۔فائنل میچ کے چوتھے روز جنوبی افریقا کو 287 رنز کا ہدف درکار تھا، جو اس نے ایڈن مارکرم کی شاندار سنچری کی بدولت کامیابی سے حاصل کرلیا۔ مارکرم نے 136 رنز کی فائٹنگ اننگز کھیلی جس میں 14 دلکش چوکے شامل تھے۔ انہوں نے 207 گیندوں کا سامنا کیا اور 383 منٹ وکٹ پر ڈٹے رہے، جس سے ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔کپتان ٹمبا باوما نے 66 رنز بنا کر اعتماد سے ٹیم کی رہنمائی کی، جب کہ ویان ملڈر نے 27 اور بیڈنگھم نے ناقابلِ شکست 21 رنز بنا کر میچ کا اختتام کیا۔
ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اس یادگار فائنل میں جنوبی افریقی بولرز اور بیٹرز دونوں نے شاندار کارکردگی دکھائی، خاص طور پر مارکرم کو میچ کا ہیرو قرار دیا جا رہا ہے جنہوں نے دباؤ کے ماحول میں ایک ناقابلِ فراموش اننگز کھیلی۔یہ فتح جنوبی افریقی کرکٹ کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ طویل عرصے سے انہیں کسی بڑے آئی سی سی ایونٹ میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔