لاہور: برائلر گوشت کی قیمت میں 66 روپے فی کلوگرام کی بڑی کمی کے باوجود مارکیٹ میں گراں فروشی کا سلسلہ نہیں تھم سکا۔ شہری اب بھی سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر مرغی خریدنے پر مجبور ہیں۔
محکمہ لائیو اسٹاک کی جاری کردہ سرکاری نرخ نامہ کے مطابق برائلر گوشت کی نئی قیمت 366 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے، جو گزشتہ دنوں 432 روپے تک جا پہنچی تھی۔ تاہم مارکیٹ میں برائلر گوشت 400 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہو رہا ہے، جس سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
زندہ برائلر کی قیمت بھی کنٹرول سے باہر
زندہ برائلر کے لیے ہول سیل ریٹ 239 روپے اور ریٹیل (پرچون) ریٹ 253 روپے فی کلوگرام طے کیا گیا ہے۔ مگر کئی گراں فروش 20 روپے فی کلوگرام اضافی وصول کرتے ہوئے زندہ مرغی 273 روپے فی کلوگرام میں فروخت کر رہے ہیں۔
انتظامیہ کی غفلت یا ملی بھگت؟
شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال ہوچکی ہیں اور متعلقہ ادارے نرخ ناموں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ گراں فروش کھلے عام من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں اور ان کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہو رہی۔
صارفین کا مطالبہ
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخ پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔