مولانا فضل الرحمان نے شہدا سے متعلق افسوسناک بیان دیا :فیاض الحسن چوہان

 مولانا فضل الرحمان نے شہدا سے متعلق افسوسناک بیان دیا :فیاض الحسن چوہان

استحکام پاکستان پارٹی کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور پوری قوم دورانِ جنگ متحد ہو کر پاک فوج کے ساتھ کھڑی رہی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ عبرتناک شکست کے بعد بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، جبکہ افواج پاکستان کے افسران اور جوان دفاعِ وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے شہدا سے متعلق بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے ہر پاکستانی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان صرف تنخواہ کے لیے نہیں بلکہ وطن کی حفاظت کے جذبے کے تحت قربانیاں دے رہے ہیں۔فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ شہدا کی قربانیوں کا احترام پوری قوم کی ذمہ داری ہے اور ایسے بیانات سے قومی جذبات کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ملک کے دفاع کے لیے ہمیشہ صف اول میں اپنا کردار ادا کرتی رہی ہیں۔