وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران انکشاف کیا کہ چند روز قبل ان کے بیٹے جنید صفدر کی سکیورٹی گاڑیوں کو پولیس اہلکار نے روکا اور چالان کیا، جس پر انہوں نے اہلکار کی حوصلہ افزائی کی۔
مریم نواز نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جنید صفدر گھر واپس آ رہے تھے اور ان کے ساتھ سکیورٹی کی گاڑیاں موجود تھیں۔ پولیس نے ان گاڑیوں کو روکا، اور جب پتہ چلا کہ گاڑی میں وزیراعلیٰ کا بیٹا موجود ہے تو اہلکار نے معذرت کی۔ تاہم جنید صفدر نے جواباً کہا کہ اہلکار نے درست کام کیا اور اسے اپنی ڈیوٹی نبھانے پر شاباش دی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ واقعے کے بعد انہوں نے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران سے بات کی اور متعلقہ پولیس اہلکار سے خود گفتگو کی تاکہ اسے سراہا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ "چاہے وہ وزیراعلیٰ کا بیٹا ہو یا کوئی اور، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں"۔انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی ہی امن و انصاف کی بنیاد ہے، اور آج یہی اصول پنجاب میں لاگو ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد خود جرائم سے توبہ کر رہے ہیں۔