لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بعد ان کے بیٹے جنید صفدر نے بھی اپنی سیکیورٹی گاڑی کا چالان کرنے والی پولیس ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے انہیں دعائیں دیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے جنید صفدر نے لکھا:"پنجاب پولیس کے ان لڑکوں کے لیے جنہوں نے کل میری گاڑی کو روکا، میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت سے پوری طرح متاثر ہوں۔ آپ ڈیوٹی پر ہوں یا آف ڈیوٹی، اللّٰہ آپ کو حفظ و امان میں رکھے۔"یہ ردعمل ایسے وقت میں آیا ہے جب جنید صفدر کے ہمراہ سیکیورٹی گاڑی کا لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کیا گیا تھا۔ اس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی فوری ردعمل دیتے ہوئے پولیس ٹیم کو شاباش دی تھی اور قانون کی بالادستی کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق چالان معمول کی کارروائی کے تحت کیا گیا، جب سیکیورٹی گاڑی نے ٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی کی۔ سوشل میڈیا پر اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے کہ اعلیٰ سیاسی خاندان کے افراد کے لیے بھی قانون برابر ہے۔