تین روز میں 39 پوائنٹس سیل، 29 افراد گرفتار، 37 مقدمات درج، مشینیں ضبط
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں قائم غیرقانونی منی پٹرول پمپس کے خلاف بھرپور کریک ڈائون شروع کر دیا ہے۔ تین روزہ کارروائی کے دوران درجنوں دکانوں کو سربمہر کیا گیا جبکہ متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔کریک ڈائون کی تفصیلات کے مطابق انتظامیہ نے گزشتہ تین دنوں میں 39 غیرقانونی دکانیں اور پٹرول پوائنٹس کو سیل کیا۔ کارروائی کے دوران 18 غیرقانونی پٹرول مشینیں ضبط کی گئیں جبکہ کھلے پٹرول کی فروخت پر 37 مقدمات درج کیے گئے۔ اس کے علاوہ 29 منی پٹرول پمپ مالکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق کھلے عام پٹرول کی فروخت شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے اور کسی بھی بڑے حادثے یا سانحہ کا سبب بن سکتی ہے۔ اسی لیے شہر بھر میں منی پٹرول پوائنٹس اور کھلے پٹرول کی فروخت پر سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گلی، محلوں اور رہائشی علاقوں میں قائم ان خطرناک غیرقانونی پمپس کے خلاف کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ سانحے سے بروقت بچا جا سکے۔