پھل ، سبزیاں مہنگی، شہری پریشان

 لیموں 690، لہسن 530، آلو 82، پیاز 145 ،پہاڑی سیب 230، گرما 155 روپے فی کلو دستیاب
لاہور (خصوصی رپورٹ) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس سے شہریوں کی جیب پر بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔ پھلوں کی فہرست کے مطابق پہاڑی نسل کا کالا سیب درجہ اول 230 روپے فی کلو، امرود 150 روپے فی کلو، کیلا 125 روپے فی درجن، گرما 155 روپے فی کلو، آڑو درجہ دوم 170 روپے فی کلو اور ناشپاتی درجہ اول 215 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب سبزیوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ آلو درجہ اول 82 روپے فی کلو، پیاز 145 روپے، چائنہ لہسن 530 روپے جبکہ دیسی لہسن 385 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ فارمی کھیرا 140 روپے، بھنڈی 90 روپے، دیسی لیموں 690 روپے اور کریلا 160 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو نرخوں پر عملدر آمد کے ساتھ ساتھ گرانفروشی کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کرنے چاہئیں۔ عوامی شکایات کے باوجود کئی علاقوں میں مقررہ قیمتوں سے زائد نرخوں پر اشیا فروخت کی جا رہی ہیں۔