مسلح جدوجہد کشمیریوں کا حق ، کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت پاکستان کا کام ہے، چودھری انوار الحق
مظفر آباد(آئی این پی )وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خون خرابے کے پیچھے بھارت ہے، بھارت اپنی حرکتوں سے بازنہ آیا تو اسے مزید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا کہ بھارت اپنی حرکتوں سے باز نہیں آ رہا، بلوچستان میں خون خرابے کے پیچھے بھارت ہے، حالیہ جنگ میں بھارت کو ہر محاذ پر رسوائی کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان ائیر فورس کی برتری کا مشاہدہ پوری دنیا نے دیکھا، فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کی، بھارت اپنی حرکتوں سے بازنہ آیا تو اسے مزید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزیراعظم انوارالحق نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں ہلچل جمہوری عمل کا حصہ ہے، حکومت کی تبدیلی نمبرز کے ذریعے آتی ہے، آزاد کشمیر اسمبلی میں کسی جماعت کے پاس نمبر پورے نہیں، کوئی بھی جماعت نمبرز پورے کرکے عدم اعتماد لاتی ہے تو اقتدار سے الگ ہو جائوں گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت پاکستان کا کام ہے، بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف مسلح جدوجہد کشمیریوں کا حق ہے۔