26اراکین کی معطلی: سپیکر پنجاب اسمبلی سے اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات بے نتیجہ رہی

 ڈیڈ لاک نہیں،بات چیت جاری ہے ،اگلے دو،تین دن کے اندردوبارہ ملاقات ہوگی، معافی کا کسی نے نہیں کہا،بھچر
 اپوزیشن نے بہت ساری باتوں سے اتفاق کیا ہے، اسمبلی میں ہلڑبازی، توڑپھوڑ، ماردھاڑ کلچر کو ختم کریں گے،مجتبیٰ شجاع
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) 26اراکین کی معطلی کے معاملے پرسپیکر پنجاب اسمبلی سے اپوزیشن اراکین کی ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی۔26اراکین کی معطلی کے معاملے پرسپیکرسے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں قائدحزب اختلاف ملک احمد خان بھچرکا کہنا تھا کہ محمد احمد خان اور حکومتی اراکین سے معاملے پر بات چیت ہوئی ہے لیکن ملاقات نیتجہ خیزنہیں ہوئی۔انہوں نے کہا ہے کہ اگلے دو،تین دن کے اندردوبارہ ملاقات ہوگی، معافی کا کسی نے نہیں کہا،یہ معاملہ ہماری پارٹی کے موقف کا ہے، دعا کریں کوئی اچھا نتیجہ نکل آئے، ہمارے26ممبران معطل اوران کوجرمانہ ہوا ہے، ہنگامہ آرائی دونوں اطراف سے ہوئی، سپیکر پنجاب اسمبلی ہرمعاملے کودیکھ رہے ہیں۔اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ ابھی یہ ابتدائی مرحلہ ہے، ڈیڈ لاک نہیں ہے،بات چیت جاری ہے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا ،معاملات آگے چلیں گے۔دوسری جانب وزیر خزانہ پنجاب اسمبلی مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ اتوار کو سپیکرکی سربراہی میں اپوزیشن سے مذاکرات ہوئے، ابھی کچھ چیزیں فائنل نہیں ہوئیں، اپوزیشن نے بہت ساری باتوں سے اتفاق کیا ہے، پنجاب کے عوام چاہتے ہیں عزت اور وقار کے ساتھ اسمبلی کوچلنا چاہیے، اسمبلی میں ہلڑبازی، توڑپھوڑ، ماردھاڑ کلچر کو ختم کریں گے۔