صدر مملکت آصف علی زرداری کو بحرین کے سرکاری دورے کے دوران بحرین کا اعلیٰ ترین اعزاز وسام الشیخ عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ (فرسٹ کلاس) عطا کیا گیا۔
یہ اعزاز پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور صدر زرداری کی سفارتی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔منامہ میں قصر القضیبیہ پہنچنے پر صدر آصف علی زرداری کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کے بعد ان کی بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور انہیں نئی جہت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ون آن ون ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ صدر مملکت نے بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے زراعت، آئی ٹی، صحت، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور اتحاد، استحکام اور تحمل کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے بحرین میں مقیم ایک لاکھ 16 ہزار پاکستانیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنے پر بحرینی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ملاقات میں کنگ حمد یونیورسٹی اسلام آباد کو پاک بحرین دوستی کی علامت قرار دیا گیا جبکہ اقوامِ متحدہ سمیت عالمی فورمز پر قریبی رابطہ رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔ شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے صدر زرداری کے دورے کو دوطرفہ تعلقات کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا اور بحرین میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔
بعد ازاں صدر مملکت اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔