اسرائیل کا ڈونلڈ ٹرمپ کو اعلیٰ ترین شہری اعزاز دینے کا اعلان، "نئے مشرق وسطیٰ" کی بنیاد رکھنے پر اعترافِ خدمت

اسرائیل کا ڈونلڈ ٹرمپ کو اعلیٰ ترین شہری اعزاز دینے کا اعلان،

ویب ڈیسک: اسرائیل نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ملک کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز “اسرائیلی صدارتی میڈل آف آنر” دینے کا اعلان کیا ہے۔

 یہ اعزاز انہیں غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی، جنگ بندی کے قیام اور مشرقِ وسطیٰ میں نئے دور کی بنیاد رکھنے کی کوششوں کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے اپنی انتھک سفارتی کوششوں کے ذریعے نہ صرف یرغمالیوں کی واپسی ممکن بنائی بلکہ خطے میں سلامتی، تعاون اور پائیدار امن کے نئے دور کا آغاز کیا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ یہ اعزاز آئندہ چند ماہ میں ایک خصوصی تقریب میں صدر ٹرمپ کو پیش کیا جائے گا۔ٹرمپ مختصر دورے پر اسرائیل پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ داماد جیرڈ کشنر، بیٹی ایوانکا اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف بھی موجود ہیں۔ صدر آئزک ہرزوگ اور وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے بن گورین ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔صدر ٹرمپ اپنے دورے کے دوران اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) سے خطاب کریں گے اور یرغمالیوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے بعد مصر میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق، ٹرمپ کے پیش کردہ 20 نکاتی امن منصوبے کو اسرائیل اور حماس دونوں نے گزشتہ ہفتے منظور کیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت غزہ میں دو سال سے جاری جنگ کے خاتمے، اسرائیلی فوج کی مرحلہ وار واپسی، قیدیوں کے تبادلے اور غزہ کے لیے خودمختار انتظامی نظام کے قیام پر اتفاق کیا گیا ہے۔امریکی ثالثی میں طے پانے والے اس معاہدے کے بعد آج یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے جا رہا ہے۔واضح رہے کہ یہ اعزاز اُن شخصیات کو دیا جاتا ہے جنہوں نے اسرائیل یا بنی نوع انسان کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔ 2013 میں یہ اعزاز پہلی بار کسی امریکی صدر، باراک اوباما، کو اسرائیل کی سلامتی مضبوط بنانے پر دیا گیا تھا۔