بالی وڈ اداکارہ ارچنا پورن سنگھ کو نایاب درد کی بیماری CRPS لاحق

بالی وڈ اداکارہ ارچنا پورن سنگھ کو نایاب درد کی بیماری CRPS لاحق

بالی وڈ اداکارہ اور ٹی وی پرسنیلیٹی ارچنا پورن سنگھ میں نایاب طبی مرض کمپلیکس ریجنل پین سِنڈروم (CRPS) کی تشخیص ہوئی ہے۔

 ارچنا کی خراب صحت کا انکشاف ان کے بیٹے آیوشمان سیٹھی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کے ذریعے کیا۔آیوشمان کے مطابق، ارچنا کو یہ بیماری 2025 میں فلم ’وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو‘ کی شوٹنگ کے دوران کلائی میں چوٹ لگنے کے بعد لاحق ہوئی تھی، جس کے باعث ان کا ہاتھ مستقل طور پر متاثر ہو گیا ہے۔ آیوشمان نے بتایا کہ شدید درد کے باوجود ارچنا نے فلموں اور ویب سیریز میں کام جاری رکھا اور 60 برس کی عمر میں اپنا یوٹیوب چینل بھی شروع کیا۔

CRPS کیا ہے؟
ماہرین کے مطابق، CRPS ایک دائمی اعصابی درد کی بیماری ہے، جس میں چوٹ کے بعد درد معمول سے کہیں زیادہ شدید اور دیرپا محسوس ہوتا ہے، حتیٰ کہ زخم ٹھیک ہونے کے بعد بھی درد برقرار رہتا ہے۔ اس مرض میں اعصابی نظام درد کے سگنلز کو درست طریقے سے کنٹرول نہیں کر پاتا، جس کی وجہ سے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی مسلسل بڑھا چڑھا کر درد کے پیغامات بھیجتی رہتی ہے۔ڈاکٹرز کے مطابق، ارچنا سنگھ کو لاحق CRPS جان لیوا نہیں ہے، لیکن یہ زندگی بدل دینے والی بیماری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بارے میں آگاہی ضروری ہے تاکہ مریض بروقت علاج حاصل کر سکیں۔