گیس لوڈشیڈنگ میں اضافہ، شہری مشکلات کا شکار

 لوڈشیڈنگ کم کرکے بلا تعطل گیس فراہمی کو یقینی بنایا جائے:شہریوں کامطالبہ
چیچہ وطنی (خصوصی رپورٹ) سردی کی شدت بڑھتے ہی گیس لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ چیچہ وطنی شہر اور گردونواح میں گیس لوڈشیڈنگ کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔الفتح ٹائون، گو شالہ، بابو ٹائون، شاکر کالونی اور دیگر متعدد رہائشی علاقوں میں طویل دورانیے کی گیس بندش نے شہریوں کو سخت پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔ شہریوں کے مطابق صبح اور شام کے اوقات میں گیس کی عدم فراہمی کے باعث گھریلو امور، خصوصاً کھانا پکانے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔خواتین، بزرگ اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ سرد موسم میں متبادل ذرائع ایندھن کا استعمال شہریوں پر اضافی مالی بوجھ بن چکا ہے۔ علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور لوڈشیڈنگ کے اوقات کار میں فوری کمی کی جائے تاکہ عوام کو سردی کے موسم میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔