حالات کی روش کے ساتھ چلنا پڑتا ہے لیکن اپنے اسلاف کے عقائد و نظریئے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا
جمہوریت اور پارلیمانی سیاست پر ہزاروں سوال اٹھ رہے ہیں:سربراہ جے یوآئی کی میڈیا سے گفتگو
پشاور(آئی این پی )جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے ملک کی جمہوریت اور پارلیمانی سیاست پر ہزاروں سوال اٹھ رہے ہیں۔پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ایک نظریاتی تحریک کا نام ہے، حالات کی روش کے ساتھ ہمیں چلنا پڑتا ہے لیکن اپنے اسلاف کے عقائد، و نظریے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا پاکستان کو اسلامی ریاست بنانا ، ہمارے اکابرین کا پارلیمانی کردار ہے، 99 فیصد اسلامی قوانین کانفاذ اسلامی نظریاتی کونسل کی مشاورت سے ہوا، ہمارے ایوانوں کو ایسے ممبران سے بھر دیا گیا جنکو اسلامی علم ہی نہیں، معاشرے میں فرقہ ورانہ عناصر موجود ہیں۔کرم میں جھگڑا ہے لیکن آگ پشاور ، کوہاٹ نہیں پہنچی اور کراچی تک پہنچ گئی، ہمیں پتہ ہے کہ کرم کا مسئلہ کیسے حل ہوگا۔ معاشرے کو غلط فہمی کا شکار نہیں کرنا چائیے‘میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا حکمرانوں سے کہتا ہوں طاقت کے زور پرچیزیں نہیں چل سکتیں، ایک دن آئے گا کہ آپ کا انجام بھی حسینہ واجد والا ہوگا، اپنا انجام ان جیسا نہ کرو۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے ایک ساتھی نے کہا نتیجہ غلط ہے ووٹ دوبارہ چیک کیے جائیں، نادرا کی تحقیقات میں پتہ چلا 98 فیصد ووٹ کا پتا نہیں کہاں سے آئے، کیا یہ آپ کا الیکشن ہے، خیبرپختونخوا میں بھی جھوٹا الیکشن ہوا۔