اچکزئی کی فضل الرحمن سے ملاقات ، حکومت کے ساتھ کمیٹیوں میں نہ بیٹھنے کا اعلان ، پی ٹی آئی کو باہر ایوان لگانے کا مشورہ

شہباز شریف ٹف ٹائم دینے کی تیاری فضل الرحمن ،اچکزئی
 ہمارے ممبر سو سے زائد ہیں ،عوام کو بتائیں کہ یہ اصل نمائندہ جماعت ہے :محمود خان اچکزئی ،تمام مسائل پر پارلیمنٹ میں بات کریں گے لیکن نہیں موقع دیا، اگر آپ کو ٹکرانے کا شوق ہے تو پھر ہم آرہے ہیں ٹکرانے :صاحبزادہ حامد رضا 
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پی کے میپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی رہائشگاہ پر ملاقات میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے سمیت دیگر امور پر مشاوررت کی گئی۔ ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری، اسلم غوری،سینیٹر کامران مرتضیٰ، مولانا اسعد محمود، مولانا اسجد محمود شریک تھے۔دریں اثناتحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود اچکزئی نے حکومت کے ساتھ کمیٹیوں میں نہ بیٹھنے کا اعلان کردیا۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں محمود اچکزئی نے کہا میں ان تمام کمیٹیوں سے استعفیٰ دیتا ہوں جن کا حکومت حصہ ہے، تحریک انصاف سے بھی کہتا ہوں کہ یہ بھی حکومتی کمیٹیاں چھوڑ دے۔انہوں نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیتے کہا ہمیں پارلیمنٹ کے باہر اپنا ایوان لگانا چاہئے جسکے سپیکر اسدقیصر ہوں، ہمارے ممبر سو سے زائد ہیں وہ ہوں اور عوام کو بتائیں کہ یہ اصل نمائندہ جماعت ہے۔ تو پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ یہ جعلی پارلیمنٹ ہے، پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چرایا گیا۔بیرسٹر گوہر نے کہاہے کہ بانی تحریک انصاف نے خط میں سنجیدہ مسائل کی طرف اشارہ کیا ، وہ چاہتے ہیں فوج اورعوام میں خلیج پیدانہ ہو۔بانی کے عوامی مسائل پر مبنی سنجیدہ خط کو بھی فٹبال بنا دیا گیا۔صاحبزادہ حامد رضا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایک سال کے اندر پارلیمنٹ کی ناکامی اس سے زیادہ تاریخ میں نہیں ہوئی ہم تمام مسائل پر پارلیمنٹ میں بات کریں گے لیکن نہیں موقع دیا، اگر آپ کو ٹکرانے کا شوق ہے تو پھر ہم آرہے ہیں ٹکرانے۔