وفاقی حکومت نے کاشتکاروں کو کینو اور آلو برآمد کرنے کی اجازت دیدی کاشتکاروں کی محنت رائیگاں نہیں جانے دینگے:مریم نواز

 کاشتکاروں کو مشکلات سے نکالنے کیلئے وزیراعظم سے رابطہ میں ہیں‘حکومت پنجاب زرعی ترقی اور کاشتکار کی خوشحالی کیلئے کھلے دل سے وسائل مہیا کررہی ہے
پنجاب میں کاشتکاروں کی سہولت کیلئے منفرد ایگریکلچر لیب آن وہیل قائم کرنے کا فیصلہ‘رواں سیزن گندم کی ریکارڈ پیداوار متوقع ہے:وزیراعلی
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی کاوش سے پنجاب کے کاشتکاروں کو وفاقی حکومت نے متبادل راستوں سے کینو اور آلو کی ایکسپورٹ کی اجازت دے دی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے آلو اور کینو کی ایکسپورٹ میں آسانی کے لئے وفاق سے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل کرنے کی درخواست کی تھی۔ ڈپٹی وزیراعظم کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے متعلقہ وزاتوں اور سٹیک ہولڈرز کو نمائندگی دینے کی استدعا کی۔ پنجاب حکومت نے آلو اور کینو کی ایکسپورٹ کے لئے نئی منڈیوں کی تلاش اور ایکسپورٹ اخراجات کمی لانے کے لئے عملی اقدامات کی اپیل کی تھی۔ حکومت پنجاب آلو اور کینو کی ایکسپورٹ کے زرمبادلہ کے حصول کے لئے روزانہ کی بنیاد پر مسائل حل کرنے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ صوبہ پنجاب آلو اور کینو کی مجموعی پیداوار کا 95 فیصد پیدا کرتا ہے۔ رواں سال پنجاب میں آلو کی 12ملین ٹن اور کینو کی 4ملین ٹن پیداوارمتوقع ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ آلو اور کینو کے کاشتکاروں کی محنت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ آلو اور کینو کے کاشتکاروں کو مشکلات سے نکلانے کیلئے وزیراعظم پاکستان سے رابطہ میں ہیں۔ آلو اور کینو کے کاشتکاروں کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب زرعی ترقی اور کاشتکار کی خوشحالی کے لئے کھلے دل سے وسائل مہیا کررہی ہے۔دریں اثناء  پنجاب حکومت نے  کاشتکاروں کی سہولت کیلئے  صوبے میں منفرد ایگریکلچر لیب آن وہیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔محکمہ زراعت کے مطابق پنجاب کے 15 اضلاع میں موبائل لیبارٹریاں قائم کی جائیں گی جن کے ذریعے کاشتکار موقع پر ہی مٹی اور پانی کے نمونوں کا تجزیہ کروا کر رپورٹ حاصل کر سکیں گے تاہم موبائل لیبارٹریوں کے ذریعے مٹی اور پانی کے نمونوں سے زمین کی زرخیزی کا تعین ممکن ہو سکے گا۔ان موبائل لیبز کی مانیٹرنگ مرکزی کنٹرول روم کے ذریعے کی جائے گی تاکہ خدمات کو مزید موثر اور شفاف بنایا جا سکے، ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کی توسیعی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پنجاب کے تمام اضلاع میں 100 کنٹینرز پر مشتمل کسان مراکز قائم کیے جائیں گے۔وزیراعلی مریم نواز  نے کہا ہے  کسان دوست اقدامات کے نتیجے میں رواں سیزن گندم کی ریکارڈ پیداوار متوقع ہے جبکہ کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے کسان کارڈ، ٹریکٹر سکیم سمیت درجنوں منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔