آپریشن سندور کے بعد دہشتگردوں کی سرگرمیوں میں کمی آئی :بھارتی آرمی چیف

 پاکستان ان  کی حمایت کر رہا ہے جو بنیاد پرستی کو فروغ دیتے  اور لوگوں کو یہاں آنے کی ترغیب دیتے ہیں
 لائن آف کنٹرول پر ہم مکمل طور پر الرٹ ہیں ‘ آپریشن سندور اب بھی جاری ہے:جنرل اوپیندر دوید کی گفتگو
نئی دہلی(آئی این پی) بھارتی  فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی  نے کہاہے کہ آپریشن سندور کے بعد دہشت گردوں کی سرگرمیوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ بھارتی  خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق  پریس کانفرنس  کے دوران  ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم نے جموں و کشمیر میں اپنی موجودگی کو کم کر دیا یا وہاں سے کوئی فوجی واپس بلا لئے  ہیں بلکہ ہم نے اتنا ہی دبائو برقرار رکھا ہوا ہے۔ جنرل اوپیندر دویدی نے الزام عائد  کرتے ہوئے کہا کہ ہماری معلومات کے مطابق مغربی جانب کے کیمپوں میں آٹھ کیمپ ابھی بھی وہاں فعال ہیں، ایسا لگتا ہے کہ تقریبا 100 سے 150 لوگ ابھی بھی وہاں موجود ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان ان لوگوں کی حمایت کر رہا ہے جو بنیاد پرستی کو فروغ دیتے ہیں اور لوگوں کو یہاں آنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ہم مکمل طور پر الرٹ ہیں کیونکہ آپریشن سندور اب بھی جاری ہے۔