پاکستان چینی سرمایہ کاروں سے 25 کروڑ ڈالر اکٹھا کرنے کے خواہشمند ہیں:وزیر خزانہ

پاکستان چینی سرمایہ کاروں سے 25 کروڑ ڈالر اکٹھا کرنے کے خواہشمند ہیں:وزیر خزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے چینی سرمایہ کاری اہم کردار ادا کرتی ہے اور اس حوالے سے چینی سرمایہ کاروں سے 200 سے 250 ملین ڈالر اکٹھا کرنے کے خواہشمند ہیں۔

چینی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان جون تک پانڈا بانڈز جاری کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور مصر کی طرز پر یوآن بانڈز کے اجرا کے لیے ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے بینک گارنٹی حاصل کرنے کے عمل میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سی پیک کے اگلے فیز میں مزید تعاون کا خواہاں ہے۔ اس میں اسپیشل اکنامک زونز، زراعت اور آئی ٹی سیکٹرز میں وسعت شامل ہوگی۔ وزیر خزانہ نے چین کے نجی شعبے اور برآمدی صنعتوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ چینی کمپنیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان میں سکیورٹی اقدامات مزید بڑھائے جائیں گے تاکہ چینی سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔