گھروں سے کوڑا جمع کرنے کا آغاز

 ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن کا دائرہ کار تمام علاقوں تک وسیع ہوگا،لاہور کا حسن جلد بحال ہو:وزیر بلدیات 
لاہور (کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ کے ستھرا پنجاب ویڑن کے تحت ایک اور وعدہ پورا کر دیا گیا ۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان ملک نے صوبائی دارالحکومت میں گھروں سے کوڑا جمع کرنے کے پروگرام کا افتتاح کردیا۔ نشتر ٹا ئون کے علاقے بینک سٹاپ میں ہونے والی تقریب میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی ملک بلال ذوالفقار کھوکھر اور سی ای او بابر صاحب دین بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات نے کہا ابتدائی طور پر گھروں سے کوڑا وصول کرنے کا آغاز پسماندہ علاقے نشتر ٹا ئون سے کیا گیا ۔ ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن کا دائرہ کار مرحلہ وار تمام علاقوں تک وسیع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی 25 یونین کونسلز میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن شروع ہوگئی۔ ایل ڈبلیو ایم سی ہر روز 2 یا 3 یونین کونسلز کا اضافہ کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا 31 جنوری تک 100 یونین کونسل اور وسط مارچ تک پورے لاہور کو اس دائرہ کار میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا معمولی فیس کے عوض ایسا دیرپا نظام دیں گے جسے آنے والی کوئی حکومت تبدیل نہ کر سکے۔اس موقع پر ذیشان ملک نے کہا ستھرا پنجاب پروگرام ایک گیم چینجر ہے ،لاہور کا کھویا ہوا حسن جلد بحال ہوگا۔