وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور معاون خصوصی ذیشان ملک نے ویسٹ کولیکشن کا افتتاح کیا
ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن کا دائرہ کار مرحلہ وار تمام علاقوں تک وسیع ہوگا:ذیشان رفیق کی گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلی مریم نواز کے ستھرا پنجاب ویڑن کے تحت کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا گیا ہے۔ وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق اور وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان ملک نے صوبائی دارالحکومت میں گھروں سے کوڑا جمع کرنے کے پروگرام کا افتتاح کردیا۔ نشتر ٹائون کے علاقے بینک سٹاپ میں ہونے والی تقریب میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، چئیرمن ایل ڈبلیو ایم سی ملک بلال ذوالفقار کھوکھر اور سی ای او بابر صاحب دین بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ابتدائی طور پر گھروں سے کوڑا وصول کرنے کا آغاز نسبتا پسماندہ علاقے نشتر ٹائون لاہور سے کیا گیا ہے۔ ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن کا دائرہ کار مرحلہ وار تمام علاقوں تک وسیع ہوگا۔ ایل ڈبلیو ایم سی کو وزیراعلی کا ویڑن آگے بڑھانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی 25 یونین کونسلز میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن شروع ہوگئی۔ ایل ڈبلیو ایم سی ہر روز 2 یا 3 یونین کونسلز کا اضافہ کرے گی۔