کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں گزشتہ ایک ہفتے سے لگی آگ تیز ہواؤں کی وجہ سے مزید شدت اختیار کرنے کا خطرہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، آتشزدگی سے اب تک 40 ہزار ایکڑ رقبہ جل کر خاکستر ہو چکا ہے، اور اس کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک جبکہ کئی لاپتا ہیں۔آگ کے باعث 12 ہزار سے زائد مکان اور عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں، اور دو لاکھ سے زائد افراد کو اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔ فائر فائٹرز کی 12 ہزار افراد کی ٹیم، 1100 سے زائد فائر انجن، 60 طیارے، اور 143 واٹر ٹینکر اس آگ کو بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، لیکن ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔لاس اینجلس اور ونچورا کاؤنٹیز میں ہوائیں 125 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جس کے باعث آگ مزید پھیل رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر پالیسیڈیز کے مقبول ہائیک ٹریل سے شروع ہوئی، اور اس کی تحقیقات جاری ہیں۔