پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی کے بعد ایک اور اہم ایونٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
اب پاکستان اگلے برس ساوتھ ایشین گیمز کی میزبانی کرے گا، جو 1 فروری سے 15 فروری تک منعقد ہونے کی تجویز ہے۔اس حوالے سے صدر پی او اے عارف سعید کی سربراہی میں ساؤتھ ایشین اولمپک کمیٹی کا اجلاس لاہور میں کل ہوگا۔ اس اجلاس میں ساوتھ ایشین نیشنل اولمپکس کمیٹی کے وفود شرکت کریں گے، جن کا مقصد گیمز کی تاریخوں اور انتظامات پر مشاورت کرنا ہے۔ اس اجلاس کے دوران گیمز کے انتظامات کی منظوری دی جائے گی اور اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ یہ گیمز لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں منعقد ہوں یا نہیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ انڈین اولمپک حکام اس اجلاس میں براہ راست شرکت کے بجائے آن لائن شرکت کریں گے۔