اقلیتی قبرستانوں کی بحالی اولین ترجیح ہے: رمیش سنگھ اروڑہ

صوبائی وزیر کی زیر صدارت قبرستانوں کی زمین کے حوالے سے اہم اجلاس
 لاہور ( خصوصی رپورٹ) صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت اقلیتی قبرستانوں کی زمین کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں قبرستانوں کی سہولت نہ ہونے والے علاقوں کی فوری نشاندہی کی ہدایت کی گئی اور متعلقہ محکموں کو ضلع وار رپورٹس اور تجاویز جلد پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ اقلیتی برادری کی فلاح کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عملدر آمد مسلسل جاری ہے۔ اقلیتی برادری کے لیے باعزت تدفین کے مقامات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ موجودہ قبرستانوں کی صفائی اور چار دیواری یقینی بنائی جائے گی، اور قلیل مدت میں فوری مرمت اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ طویل مدت میں نئے اقلیتی قبرستانوں کے لیے زمین مختص کی جائے گی۔ اجلاس میں قبرستانوں کی بحالی کے لیے خصوصی ترقیاتی اسکیموں پر زور دیا گیا، اور راستوں، پانی، روشنی اور سکیورٹی انتظامات شامل کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے اراکین بابا فیبلوس کرسٹوفر، شکیل جاوید آرتھر، طارق مسیح گل، اعجاز عالم اور ایمانئیول اطہر نے شرکت کی، جبکہ سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ اور پارلیمانی سیکرٹری سونیا آشر بھی شریک ہوئیں