ٹریفک پولیس نے طاہر کو پرانے 15 آفس کے سامنے روکا ،چالان پر دل کا دورہ پڑا اورتڑپ پڑپ کرجان دیدی
اہلکار موقع سے غائب اور مبینہ طور پرمتوفی کا شناختی کارڈ بھی ساتھ لے گئے،ڈی پی اوکا نوٹس ،انکوائری کمیٹی قائم
گجرات(مانیٹرنگ ڈیسک)گجرات میں غریب محنت کش ہیلمٹ نہ پہننے پر دوہزار روپے کے چالان پر ٹریفک پولیس کیدفتر کے باہر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔ متاثرہ شخص نے حادثے سے قبل ہیلمٹ پہنا ہوا تھا اور ٹریفک اہلکاروں سے معافی کیلئے منتیں کرتا رہا تاہم اہلکار چالان پر اصرار کرتے رہے۔واقعے کے مطابق محنت کش ٹریفک دفتر کے سامنے ہی تڑپ تڑپ کر دم توڑ گیا، اہلکار موقع سے غائب ہو گئے اور مبینہ طور پر اس کے شناختی کارڈ بھی ساتھ لے گئے۔ بعد ازاں ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور شناخت کا عمل شروع کیا ،مقامی لوگوں اور اہل خانہ نے واقعہ پر شدید احتجاج کیا ٹریفک اہلکاروں کے رویے کی مذمت کی ہے۔ شہری طاہر بیگ ولد مرزا حسین بیگ سکنہ چک بزرگ کے جاں بحق ہونیکیمعاملہ پر ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق نے فوری نوٹس لے لیا۔ڈی ایس پی ٹریفک کو معاملہ کی شفاف انکوائری کر کے فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ ڈی ایس پی سٹی کی سربراہی میں ایس ایچ او اے ڈویڑن اور ایس ایچ او لاری اڈہ کو واقعہ کے تمام پہلوئوں سے متعلق تمام شواہد اکھٹے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی پی او گجرات نے ایس پی انویسٹی گیشن گجرات کو ہدایت کی ہے تمام تر شواہد، ثبوت اور انکوائری کو ڈاکومنٹری صورت میں مرتب کریں۔