سپر ہائی وے پر خوفناک حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہو گئی

سپر ہائی وے پر خوفناک حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہو گئی

سپر ہائی وے پر کاٹھور کے قریب پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد مجموعی اموات 13 تک پہنچ گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والا ایک اور کمسن بچہ، تین سالہ عمران ولد عامر، دورانِ علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔ اس حادثے میں اب تک 5 افراد اسپتال میں شدید حالت میں زندگی اور موت کی کشمکش لڑ رہے ہیں۔ایدھی حکام کے مطابق، اسپتال میں زیر علاج زخمی بچوں میں شامل تین سالہ عمران جانبر نہ ہوسکا۔ جاں بحق بچے کے علاوہ دیگر 12 افراد کی میتیں ایدھی سرد خانے پہنچا دی گئی ہیں، جہاں اہلِ خانہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ ایسے حادثات کے سدباب کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ کسی اور کا گھر اجڑنے سے بچ سکے۔

حادثے کے وقت بدقسمت خاندان شادی کی تقریب سے واپس جا رہا تھا۔ متاثرہ خاندان کا تعلق کوٹری سے تھا اور وہ کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں منعقدہ شادی سے واپسی پر تھے کہ تیز رفتار آئل ٹینکر کی ٹکر سے حادثے کا شکار ہوگئے۔ حادثے میں آئل ٹینکر کے ڈرائیور سمیت 12 افراد موقع پر جاں بحق اور 6 سے زائد زخمی ہوئے تھے، جن میں ایک اور بچے کے اسپتال میں انتقال کے بعد اموات کی تعداد 13 ہوگئی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد محسود قبائل سے تعلق رکھتے تھے۔ اہل خانہ کے مطابق میتیں آج ہی حیدرآباد اور کوٹری روانہ کی جائیں گی جہاں تدفین کی جائے گی۔یہ حادثہ سپر ہائی وے پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری کی ایک اور الم ناک مثال کے طور پر سامنے آیا ہے، جس نے مقامی اور قومی سطح پر شدید غم و افسوس پیدا کر دیا ہے۔