بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کو300 میں سے212نشستوں پرکامیابی ملی‘جماعت اسلامی کی قیادت میں 11 جماعتی اتحاد 77 نشستوں پر کامیاب‘ شکست تسلیم کرلی ‘چیئرمین بی این پی طارق رحمان دونوں نشستوں پر کامیاب
امیر جماعت اسلامی شفیق الرحمان بھی جیت گئے، اتحادی طالبعلم رہنما ناہید اسلام نے ریکارڈ ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی،7 خواتین بھی منتخب ‘ آئینی حق ادا کرنے میں عوام نے بھرپورحصہ لیا: چیف ایڈوائزر محمد یونس
امن پہلی ترجیح ہے ‘ ملک کی آدھی آبادی خواتین پر مشتمل ہے، ان پر توجہ دیں گے‘کامیابی پر خدا کا شکر ادا کریں:طارق رحمان ‘مخالفت کی سیاست کے بجائے مثبت سیاست کریں گے:سربراہ جماعت اسلامی
ڈھاکہ(آئی این پی )بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے ملک میں منعقد ہونے والے 13 ویں عام انتخابات میں دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی جبکہ جماعت اسلامی دوسرے نمبر پر رہی ہے ملکی و غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی(بی این پی) کو انتخابات میں بڑی اکثریت مل گئی۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق بی این پی اتحاد کو300 نشستوں میں سے 212 نشستوں پر کامیابی ملی‘۔بنگلا دیشی الیکشن کمیشن نے 297 نشستوں کے باضابطہ نتائج جاری کر دئیے۔بنگلادیشی سینئر سیکریٹری الیکشن کمیشن اختر احمد کے مطابق بی این پی اتحاد نے 212 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ جماعتِ اسلامی کی قیادت میں 11 جماعتی اتحاد 77 نشستوں پر کامیاب ہوا‘نیشنل سٹیزن پارٹی صرف پانچ سیٹیں جیت پائی ہے، ووٹوں کی گنتی اب تک جاری ہے، ٹرن آئوٹ 60 فیصد رہا۔ بنگلہ دیش کے لوگوں کی صبح کا آغاز اس خبر سے ہوا ہے کہ بی این پی برتری حاصل کر رہی ہے اور اگلی حکومت بنانے کے قریب ہے، بنگلہ دیشی اخبارات نے پہلے ہی بی این پی کی فتح کے امکانات ظاہر کر دئیے ۔ بی این پی کے رہنما طارق رحمان ملک کے اگلے وزیراعظم بن سکتے ہیں۔چیئرمین بی این پی طارق رحمان دونوں نشستوں پر کامیاب ہوئے، امیر جماعت اسلامی شفیق الرحمان بھی اپنی نشست جیت گئے، اتحادی طالبعلم رہنما ناہید اسلام نے ریکارڈ ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی۔انتخابات میں 7 خواتین بھی منتخب ہو ہو گئیں، افروزاں خان،عشرت سلطانہ، تاشینہ رشدیر، شمع عبیدی، نایاب وسف کمال اور فرزانہ شرمینہ بی این پی کی ٹکٹ پر کامیاب ہوئیں جبکہ بیرسٹر رحمینہ فرحان نے آزاد حیثیت سے کامیابی حاصل کی۔ بی این پی کو مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔بی این پی کے سربراہ طارق رحمان نے ایک بیان میں کہا کہ امن عامہ پہلی ترجیح ہے تاکہ عوام خود کو محفوظ سمجھ سکیں، ملک کی آدھی آبادی خواتین پر مشتمل ہے، ہم ان پر توجہ دیں گے۔طارق رحمان نے پارٹی کے حامیوں اور کارکنوں سے کہاوہ مساجد، مندروں، گرجا گھروں اور دوسری عبادت گاہوں میں جا کر خدا کا شکر ادا کریں۔ادھر چیف ایڈوائزر محمد یونس نے کہا کہ آئینی حق ادا کرنے میں عوام نے بھرپورحصہ لیا۔بی این پی کی سب سے بڑی حریف جماعت جماعت اسلامی کے سربراہ شفیق الرحمان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اپنی شکست کو تسلیم کرتی ہے اور وہ مخالفت کی سیاست کے بجائے مثبت سیاست کے تحت آگے بڑھے گی