معروف امریکی کاروباری شخصیت اور اسپیس ایکس و ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے امریکا کو دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ امریکا کو حکومتیں تبدیل کرنے کی پالیسی ترک کر دینی چاہیے اور اپنے ملک پر توجہ دینی چاہیے۔ایلون مسک نے امریکی حکومت کی بیوروکریسی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ پرانی امریکی بیوروکریسی کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے حکومتی اخراجات میں ایک کھرب ڈالر سے زائد کمی لانے کی تجویز بھی دی۔
دبئی میں "بورنگ کمپنی" کے ساتھ بڑا معاہدہ
دوسری جانب دبئی حکومت نے ایلون مسک کی ’بورنگ کمپنی‘ کے ساتھ مل کر 'دبئی لوپ' نامی زیر زمین نقل و حمل کا جدید نظام بنانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ منصوبہ شہر کے گنجان آباد علاقوں کو جوڑنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق، یہ نیا نظام دبئی میں سفر کے انداز کو جدید بنانے میں مدد دے گا اور شہریوں کے لیے ایک تیز، محفوظ اور مؤثر سفری سہولت فراہم کرے گا۔