دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے سعودی عرب کے استاد منصور بن عبداللہ المونسور کو بہترین استاد کے اعزاز سے نوازا۔
یہ عالمی اساتذہ ایوارڈ جیمز ایجوکیشن کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں ان کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔منصور بن عبداللہ المونسور سعودی عرب کے معروف تعلیمی ادارے پرنس سعود بن جلاوی اسکول میں تدریس سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے رضاکارانہ طور پر دن رات کی انتھک محنت سے ہزاروں معذور اور یتیم بچوں سمیت قیدیوں میں علم کی شمع روشن کی۔ اپنے طلباء کے لیے مختلف تربیتی پروگرامز ترتیب دیے، جن کے ذریعے طلباء نے عالمی سطح پر ایوارڈز جیتے۔سعودی استاد نے مختلف موضوعات پر 21 کتب تحریر کیں اور اساتذہ کی تربیت کے لیے سیکڑوں کورسز بھی منعقد کیے۔ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے علاوہ، انہوں نے ہزاروں گھنٹے کمیونٹی کی خدمت میں صرف کیے۔
ایوارڈ کی ایک ملین ڈالر رقم کو منصور بن عبداللہ المونسور نے غریب اور یتیم بچوں کے لیے ایک اسکول بنانے کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملنا چاہیے اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے وہ ہر وقت سرگرم رہیں گے۔واضح رہے کہ اس ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے 5,000 سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔