مریم نواز کی پاکستان ترکیہ پارٹنر شپ برائے سسٹین ایبلٹی کے تحت سرکلر اکانومی کی تقریب میں شرکت ‘ خاتون اول کیساتھ مختلف سٹالز کا معائنہ
ایسا پنجاب بنائیں گے جو دنیا کے صاف ستھرے، سرسبز اور ترقی یافتہ خطوں میں شمار ہو،: مریم نوازکا پاکستان ترکیہ سرکلر اکانومی کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد(آن لائن) وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسلام آباد میں ترکیہ کی خاتون اول محترمہ ایمنہ اردوان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ترکیہ کی خاتون اول کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان آمد پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان ترکیہ پارٹنر شپ برائے سسٹین ایبلٹی کے تحت سرکلر اکانومی کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے معزز مہمان خاتون اول ترکیہ محترمہ ایمنہ اردوان کے ہمراہ مختلف سٹالز کا معائنہ اور سٹالز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پاکستان ترکیہ پارٹنر شپ برائے سسٹین ایبلٹی کے تحت سرکلر اکانومی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سُتھرا پنجاب پروگرام انتہائی اہم اور انقلابی پراجیکٹ ہے۔ستھرا پنجاب محض ایک پالیسی نہیں، بلکہ ایک عزم، ایک وژن ہے جو پنجاب کے مستقبل کو سنوارنے کے لئے ترتیب دی گیاہے۔ وزیر اعلیٰ کے عہدے کاحلف اٹھا تے ہی عزم کیا کہ صوبے کا ہر شہر اورہر گاؤں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق صاف ستھرابنائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہم دنیا کے ترقی یافتہ شہروں کی خوبصورتی اور صفائی کو دیکھ کر حیران ہوتے ہیں،پاکستان اور پنجاب کے شہری بھی اسی معیار کے مستحق ہیں۔سُتھرا پنجاب پروگرام کے ذریعے صفائی اورکچرے کے مؤثر انتظام اور ماحولیاتی تحفظ میں ایک تاریخی تبدیلی لانے کا عزم کیا ہے۔ سُتھرا پنجاب کے تحت ایک نئی انڈسٹری بن رہی جس سے ایک لاکھ سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونگے۔ ستھرا پنجاب پروگرام سے نہ صرف روزگار میں اضافہ ہوگا بلکہ پنجاب کی مقامی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔