تحفظ نظریہ پاکستان ہی سے پاکستان کی بقا ء ممکن: مقررین

 پاکستان کا وجود ایک نظریے پر قائم ہوا تھا جس کی حفاظت کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،حافظ سلمان
 اہل حدیث یوتھ فورس سینٹرل پنجاب کے زیر اہتمام تحفظ نظریہ پاکستان سیمینارکاانعقاد،رہنمائوںکاخطاب
لاہور(پبلک نیوز)تحفظ نظریہ پاکستان ہی سے پاکستان کی بقا ء ہے۔ اہل حدیث یوتھ فورس سینٹرل پنجاب کے زیر اہتمام ’’تحفظ نظریہ پاکستان سیمینار‘‘کاانعقاد۔تفصیل کے مطابق گذشتہ روز لاہور پریس کلب  میں اہل حدیث یوتھ فورس سینٹرل پنجاب کے زیر اہتمام تحفظ نظریہ پاکستان سیمینار میں اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے مرکزی صدر حافظ محمد سلمان اعظم، مرکزی سیکرٹری جنرل حافظ عبدالغفور مدنی، سینٹرل پنجاب کے صدر حافظ انعام الرحمن یزدانی اور جنرل سیکرٹری شیخین توحیدی سمیت دیگر قائدین و زعماء نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملک بھر کی مختلف سیاسی، یوتھ اور طلبہ تنظیموں کے رہنمائوں نے بھی خصوصی شرکت کی۔سیمینار میں مقررین نے نظریہ پاکستان کی حفاظت کو ملکی استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کا وجود ایک نظریے پر قائم ہوا تھا جس کی حفاظت کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اہل حدیث یوتھ فورس اس نظریے کے دفاع میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔سیمینار میں علماء کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مجرموں کو بے نقاب کر کے سخت ترین سزا دی جائے۔ مقررین نے افسوس کا اظہار کیا کہ علماء کی ٹارگٹ کلنگ کا یہ سلسلہ کوئی نیا نہیں کئی دہائیوں سے جاری ہے۔ پہلی مرتبہ 23 مارچ 1987ء کو اہل حدیث یوتھ فورس کے زیر اہتمام ایک جلسے میں اہل حدیث قیادت کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں علامہ احسان الہی ظہیر، مولانا حبیب الرحمن یزدانی اور اہل حدیث یوتھ فورس کے پہلے صدر محمد خان نجیب اور عبد الخالق شہید ہوئے۔ اگر اْس وقت ان قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جاتا تو آج یہ مسئلہ اس حد تک نہ بڑھتا۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ علماء کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور اس فتنے کا فوری اور مؤثر سد باب کیا جائے۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد ممبر اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کے یوم پاکستان سے ہماری نسلوں کی جدو جہد کا آغاز ہوا۔ جس سے مسلمانان برصغیر کو پاکستان جیسی مملکت کی نعمت عطا ہوئی۔ اس ملک کا مقدر اسلامی نظام کا نفاز ہے۔ ہم دو قومی نظریے کی حفاظت کرتے رہیں گے۔علامہ معتصم الٰہی ظہیر چیئرمین سیاسی کمیٹی مرکزیہ ،مہر صدام حسین پڈھیار جنرل سیکرٹری نیشنل یوتھ الائنس ،عاصم حبیب مرکزی رہنماء یوتھ ونگ مسلم لیگ (ن)،یاسر عباسی جنرل سیکرٹری ایم ایس ایف ،سہیل سرفراز صدرایم ایس ایف، حاشر منہاس این ایس ایف پنجاب،چودھری علی رضا نت چیئرمین عوامی یوتھ موومنٹ،عمیر احمد مکی ناظم ایم ایس و پنجاب،شہزادہ بٹ پاکستان یونائیٹڈ یوتھ،حافظ عبدالغفار مکی سینئر نائب صدر اہلحدیث یوتھ فورس سینٹرل پنجاب اور دیگر طلبہ و یوتھ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔سیمینار کے اختتام پر ملکی سلامتی، امن و امان کے قیام اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔