اندرونی معاملات پرتوجہ دینے کا وقت آگیا:آصف زرداری(قومی مفادات کیلئے سیاسی جماعتیں کردار ادا کریں:شہبازشریف)

پاکستان کو مزید مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانا ہوگا:صدر مملکت‘ یومِ آزادی پر قوم کو مبارکباد،  مشکل حالات کے باوجود مستحکم معیشت کی بنیاد رکھ دی:وزیراعظم کا پیغام
اسلام آباد (آن لائن)  صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صرف تاریخی کامیابی نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے جسے ہر نسل نے آگے بڑھانا ہے، پاکستان کو مزید مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانا ہوگا۔اپنے پیغام میں صدر مملکت نے قائداعظم محمد علی جناح، تحریک پاکستان کے رہنماؤں و کارکنوں اور آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال نے پاکستانی قوم کی طاقت کا احساس دلایا، معرکہ  حق نے ثابت کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کے عزم اور صلاحیت سے بھی مالا مال ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ طاقت کا اصل سبق ذمہ داری ہے، جو ملک اپنا دفاع کرسکتا ہے اسے اپنی طاقت کو تنازعات سے بچنے، امن کے تحفظ اور عوام کے مفادات کے لیے استعمال کرنا چاہیے‘ پاکستان کشیدگی میں کمی، علاقائی استحکام اور تعاون کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ اب ملک کے اندرونی معاملات پر توجہ مرکوز کرنے کا وقت ہے، معیشت مضبوط بنانا، نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنا، تعلیم و ہنر کا معیار بہتر بنانا اور گورننس، معیشت و معاشرے میں اصلاحات کے ذریعے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا تاکہ ترقی اور جمہوریت کے ثمرات ہر طبقے تک پہنچ سکیں۔آصف علی زرداری نے نوجوانوں کو پاکستان کی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی، کاروبار، تعلیم اور تخلیقی شعبوں میں نوجوان اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں، انہیں معیاری تعلیم، ہنر اور مواقع فراہم کرنا دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جس کے حصول کے لیے ہمارے اسلاف نے بے مثال قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال میں مشکل مراحل عبور کرتے ہوئے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا ہے اور اب ملک ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا  پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ پاکستان آج دنیا میں ایک مضبوط، پْرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے اور خطے میں امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ یومِ آزادی کے موقع پر قومی عزم کی تجدید کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن، استحکام اور باہمی ہم آہنگی کے لیے متحد ہوکر کام کیا جائے۔ انہوں نے تمام طبقات اور سیاسی جماعتوں کو ملکی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ و فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی دعوت بھی دی۔