واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے 78ویں یوم آزادی پر پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ایک بیان میں مارکو روبیو نے کہا کہ "پاکستانی عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہم اس موقع پر پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔"انہوں نے کہا کہ امریکا انسداد دہشت گردی اور تجارت کے شعبوں میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے نئے شعبوں کی تلاش کے خواہاں ہیں۔
مارکو روبیو کے مطابق ان شعبوں میں اہم معدنیات، ہائیڈروکاربن اور کاروباری شراکت داری شامل ہیں، جو دونوں ملکوں کے عوام کے لیے ایک خوشحال مستقبل کی بنیاد فراہم کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان بھر میں آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ 78واں یوم آزادی منایا جا رہا ہے، اس موقع پر سرکاری و نجی سطح پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔