مصر میں شخص کے معدے سے موبائل فون نکالنے کی کامیاب سرجری

مصر میں شخص کے معدے سے موبائل فون نکالنے کی کامیاب سرجری

مصر کے شہر الغردقہ کے جنرل اسپتال میں ڈاکٹروں نے ایک شخص کے معدے سے موبائل فون نکالنے کا کامیاب آپریشن کیا۔

 مریض نے غلطی سے موبائل فون نگل لیا تھا اور اسے شدید پیٹ درد، مسلسل قے اور کمزوری کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ریڈ سی ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق اسکین کے دوران معدے میں ایک بھاری شے کی موجودگی کا انکشاف ہوا، جو بعد میں ایک چھوٹا موبائل فون نکلا۔ اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کریم الشبراوی کے مطابق ماہر سرجنز کی ٹیم نے فوری طور پر آپریشن کیا، جو بغیر کسی پیچیدگی کے مکمل ہوا۔ مریض ہوش میں آنے کے بعد مستحکم حالت میں ہے، تاہم اسے مزید نگرانی میں رکھا جا رہا ہے۔

حکام نے یہ وضاحت نہیں کی کہ فون معدے میں کیسے پہنچا۔ یہ واقعہ دنیا بھر میں ریکارڈ ہونے والے ان غیر معمولی کیسز میں سے ایک ہے جن میں مریضوں نے خطرناک اشیاء نگل لی ہوں۔ مصر میں اس سے قبل 2021 میں بھی ایک ایسا ہی کیس رپورٹ ہوا تھا، جب ایک مریض کی غذائی نالی میں پھنسے موبائل فون کو ہنگامی سرجری کے ذریعے نکالا گیا تھا۔