وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو پُرجوش مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری آن، بان اور شان ہے، آج ہمیں وطنِ عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا عہد کرنا ہوگا۔
اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ "الحمد للہ رب العالمین! پاکستان جیسی بے مثال نعمت پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، آزادی کی نعمت، باوقار زندگی کا موقع اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت ہونے پر ہمیں فخر بھی ہے اور شکر بھی۔" انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک روشن چراغ ہے جس کی روشنی سے دنیا جگمگا رہی ہے، اس کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم یہ دن مناتے ہوئے اُن لاکھوں شہداء کو نہیں بھول سکتے جن کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن صرف جشن نہیں بلکہ پاک سرزمین سے وفاداری کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم اپنا احتساب کرنا چاہیے کہ پاکستان نے ہمیں عزت، شناخت اور آزادی دی، لیکن ہم نے بدلے میں ملک کو کیا دیا؟ مریم نواز نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو تحریکِ آزادی اور تحفظِ وطن کی داستانیں ضرور سنائیں تاکہ نئی نسل میں حب الوطنی کا جذبہ پروان چڑھے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے عزم ظاہر کیا کہ آج کے دن ہم یہ وعدہ کرتے ہیں کہ وطنِ عزیز کو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔ ان کے مطابق پاکستان آج اقوامِ عالم میں باوقار مقام حاصل کر چکا ہے اور معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔