بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کی پرچم کشائی تقریب؛ آزادی اور مارکۂ حق کی فتح کا جشن

بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کی پرچم کشائی تقریب؛ آزادی اور مارکۂ حق کی فتح کا جشن

پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر بیجنگ میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں "مارکۂ حق" میں پاکستان کی تاریخی فتح اور آپریشن بنیان المرصوص کے کامیاب انعقاد کا بھی جشن منایا گیا۔

تقریب کا آغاز ڈپٹی ہیڈ آف مشن بلال محمود چوہدری کی جانب سے قومی پرچم لہرانے سے ہوا، جس کے بعد صدر، وزیراعظم، اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ ان پیغامات میں آزادی کی جدوجہد کے دوران قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں دی گئی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور 14 اگست 1947 کے تاریخی دن کو یاد کیا گیا۔پیغامات میں 6 سے 10 مئی 2025 کے دوران بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں پاکستان کی عظیم فتح "مارکۂ حق" پر پوری قوم کو مبارکباد دی گئی۔ اس موقع پر قومی اتحاد، استقامت اور نظریاتی وابستگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کے عزم کو دہرایا گیا۔

اپنے خطاب میں بلال محمود چوہدری نے چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور مارکۂ حق میں پاکستان کی فیصلہ کن کامیابی کو قوم اور افواجِ پاکستان کی جرات، ثابت قدمی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کمیونٹی کے کردار کو سراہا اور عوامی روابط کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ان کی خدمات کو قابلِ قدر قرار دیا۔تقریب میں قومی نغمے پیش کیے گئے اور مارکۂ حق کی جھلکیوں پر مبنی خصوصی ویڈیو بھی دکھائی گئی، جسے شرکاء نے بھرپور دلچسپی سے دیکھا۔