چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی زیر صدارت لاہور ہائی کورٹ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں کے انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے سات سینیئر ججز نے شرکت کی، جن میں جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس صداقت علی خان، جسٹس شمس محمود مرزا اور جسٹس سید شہباز علی رضوی شامل تھے۔اجلاس میں ہائی کورٹ اور ضلعی عدالتوں کی انتظامی کارکردگی، عدلیہ میں اصلاحات اور عدالتوں کے کام کاج میں بہتری لانے کے لیے مختلف تجاویز پر بات کی گئی۔ اس دوران اہم انتظامی امور اور فیصلوں کے بارے میں بھی تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ اس اجلاس میں رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ اور ڈائریکٹر جنرل ڈسٹرکٹ جوڈیشری بھی موجود تھے اور انہوں نے عدالتوں کے انتظامی امور پر اپنی رائے پیش کی۔
چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے تمام ججز کے ساتھ مل کر عدلیہ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اہم اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا اور عدالتوں کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے عملی تجاویز پر غور کیا۔ اجلاس کے دوران مختلف انتظامی امور کی انجام دہی اور عدالتوں کے روزمرہ کے کام کو مزید موثر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔اجلاس کے اختتام پر چیف جسٹس نے انتظامی امور کو مزید موثر اور شفاف بنانے کے لیے فیصلوں کی تکمیل پر زور دیا تاکہ عدلیہ کے کام کاج میں اضافہ اور عوام کو بہتر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔