بینک آف پنجاب اور چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان ایم او یو پر دستخط، پنجاب میں 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی
پراجیکٹ سے سالانہ 100 ملین ڈالر سے زائد برآمدات متوقع، 8ماہ میں 18ہزار اور5 سال میں 25 ہزار افراد کو نوکریاں ملیں گی
عرس حضرت داتا گنج بخشؒ پر تشریف لانے والے زائرین ہمارے قابل قدر مہمان ہیں، انہیں تکلیف اور پریشانی نہیں ہونی چاہیے: مریم نواز
لاہور(سپیشل رپورٹر)پنجاب میں چین کی جانب سے تیز ترین سرمایہ کاری کا نیا منفرد ریکارڈ قائم ہوا۔ بینک آف پنجاب اور چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈکے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے تحت چین کے بڑے ٹیکسٹائل کاروباری اداروں میں شامل’’چیلنج ٹیکسٹائل گروپ‘‘پنجاب میں 150ملین ڈالر سرمایہ کاری کرے گا۔ پنجاب میں 100ایکڑ پر جدید ترین سپیشل اکنامک زون بنایا جائے گا۔ چیلنج گروپ پنجاب میں ماہانہ 6ملین میٹر فیبرک استعمال کرکے 2سے 8 ملین گارمنٹس پروڈکشن کرے گا۔ چیلنج گروپ کے تحت پنجاب میں پاکستان کی سب سے بڑی ایڈوانس اور جدید ترین ٹیکسٹائل انڈسٹری لگائی جائے گی۔ چیلنج گروپ معروف امریکن برانڈز کے ذریعے گارمنٹس ایکسپورٹ کرے گا۔ چیلنج گروپ کے ذریعے 8ماہ میں 18ہزار اور5 سال میں 25 ہزار افراد کو نوکریاں ملیں گی۔ چیلنج گروپ گارمنٹ کی تیاری کے لئے خام مال بھی پاکستان سے حاصل کرے گا۔ پراجیکٹ سے سالانہ 100ملین ڈالر سے زائدبرآمدات متوقع ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور میں متعین قونصل جنرل ژاؤ شیریں اور چیئرمین چیلنج گروپ ویگو ہانگ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیلنج گروپ کے وفد کے سربراہ ویگوہانگ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی انویسٹمنٹ فرینڈلی پالیسیوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاک چین تجارتی اور کاروباری شراکت داری کو آئندہ چند برسوں میں مزید بلندیوں تک پہچانا چاہتے ہیں۔ پنجاب میں جدید ترین اور شاندار گارمنٹ سٹی بنارہے ہیں، چیلنج گروپ کی مہارت اورتجربے سے استفادہ کریں گے۔ پنجاب میں گارمنٹ سٹی کی کامیابی کے لئے چیلنج گروپ سے ملکر کام کرنا چاہتے ہیں۔حکومت پنجاب سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بھرپور ساتھ دے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ چین کی بڑی ٹیکسٹائل فیکٹریوں اور اداروں کو پنجاب میں منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ پنجاب کی تیز ترین صنعتی ترقی کے لئے چیلنج سپیشل اکنامک زون اہم کردار ادا کرے گا۔ جدید ٹیکسٹائل پراجیکٹ کے تحت پلاسٹک ویسٹ کوری سائیکلنگ کرکے ہائی پرفارمنس فیبرک میں استعمال کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب ٹیوٹا کے ذریعے نوجوانوں میں فنی مہارت کے فروغ کے لئے بھرپور سرمایہ کاری کررہی ہے۔ صنعتی اداروں کی ضرورت کے لئے مارکیٹ بیسڈ، ہیومن ریسورس فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ چیلنج گروپ کے چیئرمین ویگوہانگ نے کہا کہ پنجاب میں چین سے بھی بہتر ٹیکسٹائل مشینری اور ٹیکنالوجی لانا چاہتے ہیں۔پنجاب کی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں جدت پیدا کرناچاہتے ہیں۔دریں اثناو مریم نواز شریف نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے 982ویں عرس کی تقریبات کے آغاز پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عرس داتاگنج بخشؒؒ اور چہلم امام حسین ؓپرامن وامان یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے حضرت اما م حسینؓکے چہلم اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پرفول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عرس داتا گنج بخشؒ پر آنے والے زائرین کی سیکورٹی اور آسانی کیلئے انتظامات میں بہتری لانے کا حکم دیا اور زائرین کے لئے شاندار مہمان نوازی کی روایات جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا عرس داتا گنج بخشؒپر تشریف لانے والے زائرین ہمارے قابل قدر مہمان ہیں، انہیں تکلیف اور پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔ زائرین کا تحفظ ترجیحات میں اولین ہے۔