پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں موسمی شدت کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں موسمی شدت کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارش، ژالہ باری اور آندھی کی پیشگوئی کے بعد الرٹ جاری کر دیا ہے۔  
وفاقی ادارے کے مطابق، 17 اور 18 اپریل کے دوران شمالی علاقہ جات، پنجاب، مغربی خیبر پختونخوا اور شمالی بلوچستان میں موسلادھار بارش، گرج چمک، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔  خصوصی طور پر، گلگت، اسکردو، چترال، کالام، دیر، بٹگرام، مظفرآباد، راولاکوٹ، کوٹلی اور گردونواح میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔  پنجاب کے مختلف اضلاع، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی اور دیگر علاقوں میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔  بلوچستان کے متعدد شہروں، جن میں کوئٹہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، پشین، کوہلو، قلات اور دیگر شامل ہیں، میں بھی آندھی اور بارش کی پیشگوئی ہے۔  
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موسمی حالات سے کمزور تعمیرات، درخت، فصلیں، گاڑیاں اور بجلی کی لائنیں متاثر ہو سکتی ہیں، اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔  شدید موسمی اثرات سے سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کا خدشہ، شہری و دیہی علاقوں میں ممکنہ مشکلات کے پیش نظر، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔