جلسہ مردان ریلوے گرا ئونڈمیں ہوگا،تمام پاکستانیوں کو شرکت کی دعوت دیتاہوں
ثابت کرینگے پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے :وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے 19اپریل کو صوبے میں بڑا جلسہ کر نے کااعلان کیا ہے۔ اپنے بیان میں سہیل آفریدی نے بتایا کہ عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ 10 دنوں میں خیبر پختونخوا میں جلسہ کرنا ہے۔ عمران کی ہدایت پر 19 اپریل سہ پہر 3 بجے مردان ریلوے گرا ئونڈ میں عظیم الشان جلسہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ناحق قید کیا گیا ہے، پی ٹی آئی قیادت پر گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل ظلم و زیادتی کی جا رہی ہے۔ تمام تر مظالم کے باوجود ثابت کریں گے کہ پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، 19 اپریل کو دنیا کو دکھائیں گے کہ عمران خان جیل میں ہونے کے باوجود بڑی سیاسی سرگرمی کر سکتے ہیں، جلسے میں شرکت کے لیے تمام پاکستانیوں کو بھر پور شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔