لاہور ہائیکورٹ نے پتنگ بازی سے اموات اور زخمیوں کی مکمل رپورٹ طلب کرلی

 مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں:جسٹس اویس خالد ‘کیس کی سماعت23اپریل تک ملتوی
لاہور(آن لائن) لاہور ہائیکورٹ میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی کیخلاف دائر درخواستوں پرپتنگ بازی سے ہونے والی اموات اور زخمی افراد کی مکمل رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے  کہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔یہ ہدایت پیر کے روزجسٹس اویس خالد نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواستوں پر کیس کی سماعت کے دوران جاری کی ہے۔دورانِ سماعت ایس ایس انویسٹیگیشن توقیر احمد اور ڈپٹی کمشنر لاہور عدالت کے روبرو پیش ہوئے، عدالت نے پتنگ بازی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف درج مقدمات کی مکمل تفصیلات طلب کر لیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ پولیس کی جانب سے قبضے میں لی گئی پتنگوں اور ڈور کو جلایا جائے گا یا اس کے لیے کوئی اور طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے، اس کے علاوہ پتنگ اور ڈور کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے اپنائے گئے میکنزم پر بھی وضاحت طلب کی گئی۔عدالت نے پتنگ بازی سے ہونے والی اموات اور زخمی افراد کی مکمل رپورٹ بھی طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔