انتظامیہ صرف زندہ برائلر کے نرخ مقرر کر رہی ،مارکیٹ میں گوشت 600 سے 750 روپے کلو تک بکتا رہا
لاہور (خصوصی رپورٹ)برائلر گوشت کا نرخ مناسب حد پر لانے کے لئے انتظامیہ کے نئے فارمولے پر عمل جاری ہے۔برائلر گوشت کا کوئی سرکاری نرخ نہیں ،تاہم زندہ برائلر نرخ 411 روپے کلو مقرر رہا۔ تاہم گوشت کی من مانے نرخ پر فروخت جاری رہی۔سبزیوں میں ٹماٹر نرخ میں تیزی ہونے لگی۔تفصیل کے مطا بق برائلر گوشت کے نرخ بدستور ریٹ لسٹ سے غائب رہے، انتظامیہ صرف زندہ برائلر کا نرخ جاری کرنے لگی،زندہ برائلر کا نرخ 411 روپے کلو مقرر کیا گیا جبکہ برائلر گوشت من مانے نرخ پر فروخت ہو ا۔مارکیٹ میں برائلر گوشت 600 سے 650 روپے کلو تک رہا۔صافی گوشت 750 روپے کلو تک بیچا گیا،چند روز قبل انتظامیہ نے برائلر گوشت کے نرخ کا اجرا ختم کر دیا تھا۔سبزیوں کی قیمتوں میں قدرے استحکام ہے لیکن ریٹ لسٹ پر عمل نہیں کیا گیا۔پیاز کا سرکاری نرخ 45 اور مارکیٹ میں 60 روپے کلو فروخت ہو ا۔ٹماٹر کی سرکاری قیمت 60 روپے کلو مقرر کی گئی جبکہ مارکیٹ میں درجہ اول ٹماٹر 80 سے 90 روپے کلو فروخت ہوا۔ آلو کا سرکاری نرخ بدستور 50 روپے کلو تھا لیکن مارکیٹ میں 70 روپے کلو فروخت کیا گیا۔لہسن چائنہ کاسرکاری نرخ 400روپے جبکہ مارکیٹ میں 500روپے کلو تک رہا،ادرک چائنہ نرخ 390 روپے کلو تھے،مارکیٹ میں 500روپے کلو تک فروخت کی گئی۔لیموں ریٹ لسٹ میں 115 روپے کلو تھے تاہم مارکیٹ میں 200 روپے کلو فروخت کئے گئے۔مارکیٹ میں فارمی انڈوں کے نرخ 220 روپے درجن رہے۔