پنجاب بھر میں عوامی رابطہ کمیٹیوں کے قیام کی ہدایت

تھانے کی سطح پر کمیٹیاں دہشتگردی ، انتہا پسندی سے نمٹنے میں معاون ہونگی

20 اپریل تک کمیٹیاں فعال کر کے ممبران کی تفصیل بھجوائی جائے،محکمہ داخلہ 
لاہور(کرائم رپورٹر)محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں عوامی رابطہ کمیٹیوں کے قیام کی ہدایت کر دی۔ ڈپٹی کمشنرز کو تھانے کی سطح تک عوامی رابطہ کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق معاشرے کے نمائندہ افراد اور حکومتی عہدیداروں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائینگی۔کمیٹی ممبران کسی بھی خطرے کی بروقت نشاندہی اور مشکوک سرگرمی کی اطلاع دینگے۔ کمیٹیاں شہریوں اور پولیس کے درمیان معلومات کے تبادلے کیلئے پل کا کام کریں گی۔ عوامی رابطہ کمیٹیاں مذہبی تقریبات، عوامی اجتماعات یا ہنگامی حالات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں گی اور یہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خطرات سے نمٹنے میں معاون ہونگی۔ محکمہ داخلہ نے عوامی رابطہ کمیٹیوں کی ساخت اور فرائض بارے بھی ہدایات جاری کی ہیں ،پہلے مرحلے میں ہر تھانے کی سطح پر عوامی رابطہ کمیٹیاں قائم ہونگی۔ دوسرے میں 3 ماہ کے اندر محلے اور وارڈ سطح تک کمیٹیوں کو فعال کیا جائے گا۔ ہر عوامی رابطہ کمیٹی میں متعلقہ تھانیدار، مقامی معززین ،مذہبی رہنما ، قابلِ اعتماد نوجوانوں اور سماجی کارکن شامل ہونگے۔ محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ 20 اپریل تک کمیٹیوں کو فعال کر کے ممبران کی تفصیل اور مستقبل کا لائحہ عمل بھجوایا جائے۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب، تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور سی سی پی او لاہور کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔