اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم نے کابینہ میں توسیع اور قلمدانوں میں ردوبدل کے بعد اہم فیصلہ کرتے ہوئے 4کابینہ کمیٹیوں کی تشکیل نوکردی، تمام کمیٹیوں کے چیئرمین برقرار، وزرا کے پورٹ فولیو میں ردو بدل کے باعث کمیٹیوں میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے جن کابینہ کمیٹیوں کی تشکیل نو کی ہے ان میں اقتصادی رابطہ کمیٹی، قانون سازی سے متعلق کابینہ کمیٹی، کابینہ کمیٹی امیگریشن اوورسیز ایمپلایمنٹ اینڈٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈٹریننگ اور کابینہ کمیٹی برائے ریگولیٹری اصلاحات شامل ہیں۔وزیراعظم کابینہ کمیٹی امیگریشن اوورسیز ایمپلایمنٹ اینڈ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈٹریننگ کے چیئرمین برقرار رہیں گے، اس کمیٹی میں نائب وزیراعظم، وزیرتجارت، وزیر تعلیم وتربیت، داخلہ، صحت اور وزیر سمندرپار پاکستانیز شامل ہیں-کمیٹی میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کی رکنیت ختم کردی گئی ہے کیوں کہ وزیراعظم نیحال ہی میں وفاقی وزیررانا تنویر سے صنعت و پیداوار کا قلمدان واپس لے لیا تھا،اس وقت صنعت وپیداوار کا کوئی وفاقی وزیر نہیں ہے تاہم ہارون اختر خان وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت وپیداوار ہیں۔وزیر خزانہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کے چیئرمین برقرار رہیں گے جبکہ وفاقی وزیر تجارت، وزیر اقتصادی امور، وزیر پیٹرولیم، وزیر پاور، وزیر منصوبہ بندی اور وفاقی نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر اسی سی سی کا حصہ ہیں