لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس سپیشل آپریشنز سیل نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوہرے قتل کی سنگین واردات میں مطلوب خطرناک اشتہاری کو پاک ایران بارڈر سے بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے گرفتارکر لیا اور گوجرانوالہ پولیس ٹیم اشتہاری مجرم کو لے کر کوئٹہ سے روانہ ہے۔رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار خطرناک اشتہاریوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اشتہاری محمد سفیان دوہرے قتل کے مقدمہ میں گوجرانوالہ پولیس کو مطلوب تھا۔گرفتار کیے گئے مجرم اشتہاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری مجرم کی گرفتاری پر آر پی او اور سی پی او گوجرانوالہ کو شاباش دی ہے۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے۔ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کی مدد سے بیرون ممالک مفرور دیگر اشتہاری مجرمان کی گرفتاری بھی یقینی بنائیں۔