ہم سب بیساکھی کی خوشیوں میں شریک ہیں: محسن نقوی

ہم سب بیساکھی کی خوشیوں میں شریک ہیں: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیساکھی کے تہوار کے موقع پر سکھ برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بیساکھی سکھ برادری کا ایک خوشیوں بھرا روایتی تہوار ہے جو نہ صرف مذہبی بلکہ ثقافتی اہمیت بھی رکھتا ہے۔محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا بھائی چارے، ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دیتا ہے۔ "ہم سب سکھ برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، کیونکہ پاکستان ہم سب کا ہے اور اسے ہم نے مل کر مضبوط اور عظیم بنانا ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سکھ برادری کے کئی مقدس مقامات موجود ہیں، جن کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ سکھ یاتریوں کو ان کے مذہبی فرائض کی ادائیگی کے لیے مکمل سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی، جان و مال کا تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع دینا ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔ آئین پاکستان تمام اقلیتی برادریوں کو برابری کے حقوق دیتا ہے اور اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی فراہم کرتا ہے۔محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔