گیس کے سابق بقایاجات کی وصولی تاحکم ثانی روک دی گئی

وفاقی حکومت، اوگرا اور سوئی ناردرن گیس سمیت دیگر فریقین کو نوٹس 
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ نے سوئی ناردرن گیس کے بلوں میں سابقہ بقایا جات شامل کرنے کیخلاف درخواستوں پر بقایا جات کی وصولی تاحکم ثانی روک دی ،عدالت نے وفاقی حکومت، اوگرا اور سوئی ناردرن گیس سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 19 ستمبر تک جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالداسحاق نے کیس کی سماعت کی ،عدالت نے درخواستگزاران کو عبوری ریلیف دیتے ہوئے حکم دیا کہ وہ سابقہ بقایا جات کے بغیر بل مقررہ تاریخوں پرادا کریں جبکہ روکی گئی رقوم کے مساوی پوسٹ ڈیٹڈ چیک بھی جمع کرائیں، عدالت نے مزید ہدایت کی کہ بلوں کی ادائیگی کی تاریخ 15 ستمبر تک بڑھائی جاتی ہے اورسوئی ناردرن گیس کمپنی درخواستگزاروں کو نظرثانی شدہ بل جاری کرے۔عدالت نے غیرقانونی نوٹیفکیشنز کے اجرا پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ درخواستگزاروں کو نوٹیفکیشنز کے اجرا سے قبل سماعت کا کوئی موقع نہیں دیا گیا، جو بنیادی حقوق اور قانون کے مناسب عمل کی خلاف ورزی ہے۔