خیبر پختونخوا حکومت کا این ڈی ایم اے کی امداد پر عدم اعتماد کا اظہار

خیبر پختونخوا حکومت کا این ڈی ایم اے کی امداد پر عدم اعتماد کا اظہار

خیبر پختونخوا حکومت نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد پر سخت عدم اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان اور مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کو این ڈی ایم اے نے بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔ ان کے مطابق این ڈی ایم اے کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد ’’اونٹ کے منہ میں زیرہ‘‘ کے مترادف ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ این ڈی ایم اے کی طرف سے صرف چند ٹینٹ اور نیک خواہشات کے سوا کوئی خاطر خواہ تعاون نہیں ملا۔ بیرسٹر سیف کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے اپنے وسائل کو بروئے کار لا کر سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی نگرانی میں ریلیف آپریشن مکمل کیا گیا اور اب متاثرین کی بحالی کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کو دگنا معاوضہ فراہم کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے فی کس اور زخمیوں کو 10 لاکھ روپے فی کس معاوضہ دیا گیا ہے۔بیرسٹر سیف نے زور دیا کہ صوبائی حکومت اپنے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور متاثرین کی مکمل بحالی تک اقدامات جاری رہیں گے۔