کراچی(آئی این پی )پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد سیلابی ریلہ سندھ میں داخل ہوگیا ،سیلاب لہر پنجند پہنچ گئی، پنجاب سندھ سرحد کی دریائی پٹی پر تباہی مچنے لگی، دریائی پٹی کے متعدد دیہات سے زمینی رابطے منقطع ہو گئے، فصلیں برباد ہو گئیں، منچن آباد میں مزید 2 لاشیں مل گئیں۔ کچے کے علاقوں سے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔کشمور کے کچے کے علاقے سے رہائشیوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے جبکہ دادو کیکچے کے مکینوں نے علاقہ خالی کرنے سے انکار کردیا۔منچن آباد کے نواحی علاقے لالیکا کے قریب بستی مموکا میں کشتی الٹنے کے باعث ڈوب کر لاپتہ ہونے والے دو نوجوانوں کی لاشیں مل گئی ہیں، جلالپور پیر والا میں سیلابی صورتحال برقرار ہے، شجاع آباد اور دھوندو کے بند ٹوٹ گئے، چناب کا پانی 138 بستیاں بہا لے گیا۔سندھ پنجاب کی سرحدی پٹی کے متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں دریائے چناب پر سپربند میں 80 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا۔شگاف پر کرنے والے 3 مزدور ریلے میں بہہ گئے ، ریسکیو کے عمل کے دوران 2 مزدوروں کو بچا لیا گیا جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔شگاف پر کرنے کے لیے مشینری طلب کرلی گئی