فیڈر کی بار بار بندش نے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی

جڑانوالہ (آ ن لائن)جڑانوالہ اور گردونواح میں فیڈر کی بار بار بندش نے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ دن ہو یا رات بجلی کی بندش کا کوئی باقاعدہ شیڈول نہیں ہے، جس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں علاقہ مکینوں نے بتایا کہ فیصل آباد اور گردونواح میں روزانہ کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہتی ہے، جس سے نہ صرف گھریلو امور متاثر ہو رہے ہیں بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ چھوٹے دکانداروں ویلڈرز، درزیوں اور دیگر پیشہ ور افراد کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ طلبہ بھی بجلی کی عدم دستیابی کے باعث اپنی پڑھائی جاری رکھنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔شہریوں نے مزید کہا کہ پانی کی فراہمی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو چکا ہے کیونکہ بیشتر علاقوں میں پانی کی موٹریں بجلی سے چلتی ہیں۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کے حصول میں بھی دشواری کا سامنا ہے، جس سے صحت کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد اور گردونواح میں بار بار بندش کا فوری نوٹس لیا جائے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال یہی رہی تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فی الفور اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔