لٹن داس نے ٹیسٹ کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا

لٹن داس نے ٹیسٹ کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا

بنگلادیش کے وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی، ایک ہی میچ میں نصف سنچری، سنچری اور وکٹوں کے پیچھے 9 شکار کرنے کا منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔

لٹن داس نے منگل کو افغانستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ وہ ایک ہی ٹیسٹ میں دونوں اننگز کے دوران نصف سنچری اور سنچری بنانے کے ساتھ وکٹوں کے پیچھے 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کردار ادا کرنے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقا کے سابق وکٹ کیپر ڈینس لنڈسے کے پاس تھا، جنہوں نے 1966 میں آسٹریلیا کے خلاف جوہانسبرگ ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں 50 سے زائد رنز بنانے کے ساتھ وکٹوں کے پیچھے 8 شکار کیے تھے۔لٹن داس نے افغانستان کے خلاف میچ میں اکرام علی خیل کا کیچ پکڑ کر وکٹوں کے پیچھے اپنا نواں شکار مکمل کیا اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

بیٹنگ میں بھی شاندار کارکردگی

لٹن داس نے وکٹ کیپنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 53 رنز بنائے، جبکہ دوسری اننگز میں 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ان کی سنچری اور مجموعی کارکردگی کی بدولت بنگلادیش نے افغانستان کو جیت کے لیے 479 رنز کا ہدف دیا۔

ایک اننگز میں سب سے زیادہ شکار کا ریکارڈ برقرار

ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں وکٹ کیپر کی جانب سے سب سے زیادہ 11 شکار کرنے کا ریکارڈ جیک رسل، اے بی ڈی ویلیئرز اور رشبھ پنت کے پاس مشترکہ طور پر موجود ہے۔لٹن داس اس ریکارڈ کی برابری کرنے کے لیے مزید دو شکار درکار ہونے کے باعث اس تاریخی فہرست میں جگہ بنانے کے قریب ہیں۔